نریندر مودی اے پی کو خصوصی موقف عطا نہیں کیا۔ جے سی دیواکر ریڈی
حیدرآباد ۔ /28 اگست (این ایس ایس) تلگودیشم پارٹی کے رکن پارلیمنٹ جے سی دیواکر ریڈی نے جناسینا کے صدر اور فلم اداکار پون کلیان کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی سیاست میں نئے ہیں اور انہیں پارلیمانی کارروائی یا مرکزمیں حکومت کے امور سے متعلق کوئی معلومات نہیں ہیں ۔ آج یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے دیواکر ریڈی نے کہا کہ جناسینا قائد کو اہم مسئلہ ہے ۔ مناسب انداز میں بات کرنی چاہئیے ۔دیواکر ریڈی نے کہا کہ وہ ایم پی کے عہدہ کی پرواہ نہیں کرتے ہیں اور اگر مرکز ریاست آندھراپردیش کو خصوصی موقف عطا کرنے میں ناکام ہوجائے تو استعفی دینے کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یوں کلیان اس مسئلہ پر حقیقت میں سنجیدہ ہیں تو وہ ان کے پارٹی سربراہ اور چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کو اطلاع دے کر ریاست کیلئے خصوصی موقف حاصل کرنے کیلئے پون کلیان کے ساتھ جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جنا سینا قائد کو سیاست میں تجربہ نہیں ہے اور پارلیمانی سسٹم کی ان میں معلومات کا فقدان ہے ۔ دیواکر ریڈی نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کے اجتماعی استعفوں کے باوجود وزیراعظم نریندر مودی آندھراپردیش کو خصوصی موقف عطا کرنے کی تائید میں فیصلہ نہیں کریں گے ۔ موجودہ مرکزی حکومت عوام کے مطالبات کو نظرانداز کرنے کو ترجیح دے رہی ہے ۔ حالانکہ اگر نریندر مودی اے پی کو خصوصی موقف عطا کرنا چاہیں تو یہ صرف دو منٹ کی بات ہے ۔