پونے۔ 3؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ پونے کے قریبی موضع ملین میں زمین کھسکنے کے واقعہ میں مرنے والوں کی تعداد 90 ہوگئی ہے۔ بچاؤ کاری ٹیموں نے ملبہ سے مزید پانچ نعشیں برآمد کی ہیں جب کہ 160 افراد ہنوز ملبہ میں دبے رہنے کا اندیشہ ہے۔ مرنے والوں میں 33 مرد، 42 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں۔ ڈسٹرکٹ کنٹرول روم نے بتایا کہ موسم میں کسی حد تک بہتری کے بعد بہبودی مشنری کو بچاؤ کاری کاموں میں لگادیا گیا ہے۔ اس کے باوجود ملبہ کی صفائی کے لئے مشکلات ہورہی ہیں۔ آج پانچویں دن بھی ملبہ کی صفائی کا کام جاری رہا۔ 30 جولائی کو یہاں زمین کھسکنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ مہاراشٹرا کے وزیر داخلہ آر آر پاٹل نے مقام کا دورہ کرکے صورتِ حال کا جائزہ لیا اور غم زدہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ حکومت نے متاثرین کی ہر ممکنہ مدد کرنے کا اعلان کیا ہے اور مہلوکین کے لواحقین کو فی کس 5 لاکھ روپئے امداد دی جائے گی۔