سیاہ پٹیاں باندھنے کا اعلان، کووا اور دیگر تنظیموں کا یوم مخالف دائیں بازو دہشت گردی
حیدرآباد 6 جون (سیاست نیوز) پونے میں دائیں بازو دہشت گردی کا شکار ہوئے صادق شیخ کی موت کے خلاف پرانے شہر میں 7 جون بروز ہفتہ مختلف تنظیموں کی جانب سے ’’یوم مخالف دائیں بازو دہشت گردی‘‘ منایا جائے گا۔ کووا کے علاوہ دیگر تنظیموں کے ذمہ داران نے دو یوم قبل پیش آئے نوجوان کے قتل کی اِس واردات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زعفرانی تنظیموں کی سرگرمیوں کے خلاف جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا اور اِس بات پر غور کیا گیا کہ اِس طرح کی سرگرمیوں کے سبب ملک کے امن و امان کا ماحول مکدر ہوسکتا ہے۔ اِسی لئے شہریوں بالخصوص اقلیتوں اور سیکولر ذہن کے حامل افراد کے درمیان تال میل میں اضافہ کرتے ہوئے اُنھیں متحد کرنے کی ضرورت ہے۔ مختلف تنظیموں کے ذمہ داران کی جانب سے 7 جون بروز ہفتہ دن بھر اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج درج کروایا جائے گا۔ تنظیموں کے ذمہ داروں کا احساس ہے کہ اِس طرح کے واقعات سے نہ صرف فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہوگی بلکہ قومی سطح پر زعفرانی دہشت گردی کو فروغ حاصل ہوگا اور اِس کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ اِسی لئے اِس طرح کے واقعات کے خلاف جدوجہد کے ذریعہ زعفرانی قوتوں کی حوصلہ شکنی ضروری ہے اور سیاسی مفادات سے عاری تنظیموں کو چاہئے کہ وہ اِس جدوجہد میں شامل ہوتے ہوئے زعفرانی قوتوں کے خلاف احتجاج کا حصہ بنیں۔