وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا 2 لاکھ روپئے فی خاندان عبوری امداد کا اعلان ، سی پی آئی ( ایم ) نے تحقیقات کا مطالبہ کیا
پونے / نئی دہلی ۔ 31 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پونے کے موضع ملین میں جہاں زمین کھسکنے کے حادثہ نے شدید تباہی مچائی ہے ۔ حادثہ کے مقام سے مزید آٹھ نعشیں ملنے کے بعد مجموعی طور پر مہلوکین کی تعداد 41ہوگئی جب کہ یہ قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں کہ ہنوز 150 افراد ملبہ میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ این ڈی آر ایف جوان جو شبانہ روز بچاؤ اور راحت کاری میں مصروف ہیں اور اب تک 41 نعشوں کو ملبہ سے نکال چکے ہیں علاوہ ازیں آٹھ شدید طور پر زخمیوں کو بھی بچالیا گیا جنہیں قریبی ہاسپٹلس میں بغرض علاج شریک کیا گیا ہے ۔ پونے کے ڈپٹی کلکٹر سریش جادھو نے یہ بات بتائی ۔ دریں اثناء مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پونے میں زمین کھسکنے کے حادثہ کے متاثرین کو مرکز سے امداد دی جائے گی ۔ راج ناتھ سنگھ نے آج حادثہ کے مقام کا دورہ کیا اور مرکز کی جانب سے مہلوکین کے ورثا کو فی خاندان 2 لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا جو کہ پرائم منسٹر ریلیف فنڈ سے ادا کئے جائیں گے ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ زمین کھسکنے کی وجوہات کیا تھیں لیکن اس کی تحقیقات ضرور کی جائے گی ۔ انہوں نے بچاؤ اور راحت کاری عملہ کی زبردست ستائش کی جو انتہائی جانفشانی سے اپنی ڈیوٹی انجام دے رہا ہے ۔ جس کی وجہ سے کئی لوگوں کو بچایا گیا اور جو بدقسمتی سے ہلاک ہوگئے تھے انہیں ڈھیروں ملبہ کے نیچے سے نکالا گیا جو کہ آسان کام نہیں تھا ۔ لوک سبھا میں بھی آج پونے کی حادثہ کی گونج سنائی دی جہاں کئی قومی و بین الاقوامی مدعوں کو پیش کیا گیا جن میں پونے سانحہ بھی شامل ہے ۔ شیوسینا کے ونائک راوت نے کہا کہ متاثرین کو مناسب ریلیف کے علاوہ ایسے اقدامات کئے جانے کی ضرورت ہے جس سے ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہوسکے ۔ دوسری طرف سی پی آئی ( ایم ) نے پونے سانحہ کی مناسب تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔
شیرخوار کے رونے کی آواز سے ماں اور بچہ بچ گئے
پونے ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) تھانے کے قریبی موضع مالین میں زمین کھسکنے کے تباہ کن واقعہ کے ہولناکیوں کے درمیان تین ماہ کے شیرخوار بچے نے نہ صرف اپنی زندگی بچائی بلکہ والدہ کی بھی زندگی کو بچا لیا۔ ملبہ کی صفائی میں مصروف این ڈی آر ایف کے عملہ نے شیرخوار کے رونے کی آواز سنی تو تقریباً 8 گھنٹوں کے بعد انہیں بچا لیا گیا۔ یہ دونوں کیچڑ کے ملبہ میں دبے ہوئے تھے۔ اتفاق سے شیرخوار بچہ نے اتنی شدت سے رونے کی آواز نکالی کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس کو فوری روانہ ہونا پڑا اور انہوں نے ملبہ میں تلاش کرتے ہوئے انہیں بچا لیا گیا۔ قریبی دواخانہ میں فوری شریک کیا گیا جہاں پر والدہ پرمیلا نے کہاکہ وہ دونوں چٹان کے قریب رہتے تھے اچانک صبح میں زمین کھسکنے سے ملبے کے نیچے دب گئے۔ میں نے خود کو الماری کے سائے میں چھپا لیا تھا۔ تاہم میرے گود میں محفوظ رہنے والا بچا مسلسل رونے لگا اس کی آواز سے ہی بچاؤ کاری کا عملہ جگہ کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں اس کیچڑ سے نکال دیا۔ ایک این ڈی آر ایف کے عہدیدار نے کہاکہ کل صبح 8 بجے سے شام 4.30 بجے تک ماں اور بیٹا کیچڑ میں پھنسے رہے۔
ممبئی میں زمین کھسکنے سے
ایک لڑکا فوت
ممبئی۔/31جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) مضافاتی علاقہ چمبور میں زمین کھسکنے کے واقعہ میں ایک چھ سالہ لڑکا ہلاک ہوگیا۔ گذشتہ 48گھنٹوں سے جاری بارش نے شہر کی زندگی درہم برہم کردی ہے۔ دریں اثناء میونسپل کارپوریشن آف گریٹر ممبئی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ متوفی لڑکا مہول ولیج کا ساکن تھا جو چمبور ( مشرقی ) کے واشی ناکہ سے قریب واقع ہے۔ آج وہ اپنی جھونپڑی میں محو خواب تھا کہ زمین کھسکنے سے جھونپڑی تباہ ہوگئی۔ متوفی کی گنیش کمار کوراڈے کی حیثیت سے شناخت عمل میں آئی ہے۔ اس علاقہ میں ایک ہی قطار میں چھ جھونپڑے بنے ہوئے ہیں اور وہ تمام کے تمام تباہ ہوگئے۔ آئندہ 48گھنٹوں کے دوران شہر میں انتہائی تیز بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی اور تھانے میں آئندہ 48گھنٹوں کے دوران شدید ترین بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ شہر کے جنوبی علاقوں میں 66.7 ملی میٹر اور شمالی علاقوں میں 174.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔