پونچھ میں پاکستان کی جنگ بندی کی خلاف ورزی

جموں ۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوجیوں نے جنگ بندی کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں خطِ قبضہ پر قائم ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا اور ہندوستانی فوج کو موثر جوابی کارروائی کرنے پر مجبور کردیا۔ پاکستانی فوجیوں نے خودکار اور چھوٹے اسلحہ سے مینڈھر کے علاقہ میں فوجی چوکیوں پر زبردست فائرنگ کی۔ محکمہ دفاع کے ترجمان منیش مہتا نے کہا کہ سرحد پر تعینات ہندوستانی فوجیوں نے موثر جوابی کارروائی کی۔ کسی بھی شخص کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی خبر نہیں ہے۔ قبل ازیں 27 جون کو پاکستانی فوج نے خودکار اور چھوٹے اسلحہ سے بھیم بھیر گلی گمبھیر ضلع پونچھ میں ہندوستانی چوکیوں پر فائرنگ کی تھی۔ پاکستانی فوج نے سامبا ضلع میں 17 اور 18 جون کو بھی بین الاقوامی سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی ۔ 13 جون کو پاکستانی فوج کو زبردست مارٹر شیلباری کی تھی اور خودکار ہتھیاروں سے خط قبضہ پر ہندوستانی چوکیوں پر فائرنگ کی تھی۔ خط قبضہ پر اپریل تا مئی جنگ بندی کی خلاف ورزی کے 19 واقعات پیش آئے تھے۔ 2013ء میں 12 جوان ہلاک اور دیگر 41 زخمی ہوگئے تھے جبکہ پاکستانی فوج نے ہراول چوکیوں پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کی تھی۔ شہری علاقہ اور طلایہ گرد پارٹیوں کو بھی سرحد پر حملہ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔