جموں ۔ /3 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوج نے لائن آف کنٹرول کے قریب جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے دو مقامات کو نشانہ بناتے ہوئے دو مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجہ میںایک عورت زخمی ہوگئی ۔ پاکستانی فوج نے سرحدی چوکیوں اور سویلئنس کے علاقوں پر مورٹار حملے کی جس کے بعد ہندوستانی فوجیوں کو بھی جوابی کارروائی کرنا پڑا ۔ دفاع کے ایک ترجمان نے کہا کہ پاکستانی سپاہیوں نے لائن آف کنٹرول کے قریب کرشنا گھاٹی سیکٹر میں چھوٹے اور خود کار اسلحہ کے علاوہ 82 ایم ایم اور 20 ایم ایم مورٹارس کے ذریعہ آج 09.20 بجے بلا اشتعال فائرنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز 23.00 بجے بھی پاکستانی فوج نے لائن آف کنٹرول کے قریب پونچھ سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تھی ۔ بعد ازاں ہندوستانی چوکیوں کی طرف سے موثر و طاقتور جوابی کارروائی کی گئی ۔ ترجمان نے کہا کہ دونوں سیکٹر میں فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا ۔ پونچھ سیکٹر کے قصبہ شاہ پور میں ایک عورت اُس وقت زخمی ہوگئی جب ایک پاکستانی مورٹار اس کے گھر کے قریب گرپڑا ۔ ایک پولیس افسر نے کہا کہ زخمی عورت کو دواخانہ میں شریک کردیا گیاہے۔