پونچھ میں ایل او سی پر دھماکہ، ایک فوجی ہلاک اور 7 دیگر زخمی

جموں،22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے مینڈھر سیکٹر میں بدھ کو ہونے والے ایک پراسرار دھماکے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ سات دیگر زخمی ہوگئے ۔ یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب فوجی اہلکاروں کی ایک ٹیم علاقہ میں گشت کررہی تھی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جوں ہی فوجی اہلکار میندھر سیکٹر میں ڈھیری ڈبسی نامی جگہ پر پہنچے تو وہاں ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں آٹھ فوجی اہلکار زخمی ہوئے ۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال لے جایا گیا جہاں ایک فوجی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔
ایک سیکورٹی عہدیدار نے بتایا کہ دھماکے کی اصل وجہ جاننے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں کو بہتر علاج ومعالجہ کے لئے فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔