پونچھ :ایل او سی پر گولہ باری، بی ایس ایف اہلکار زخمی

جموں۔19 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام)جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں گزشتہ رات ہندوستان ۔پاکستان افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سرحد کے اس پار بی ایس ایف کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر زخمی ہوگیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی افواج نے گزشتہ رات کرشنا گھاٹی سیکٹر کے بالنوئی علاقہ میں بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بناکر بلااشتعال فائرنگ کی اور گولے داغے ۔انہوں نے بتایا ‘ایک مارٹر علاقہ میں بی ایس ایف چوکی کے نزدیک پھٹ گیا جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر زخمی ہوئے ‘۔ذرائع نے بتایا کہ زخمی اسسٹنٹ سب انسپکٹر جن کی شناخت ستیہ پال سنگھ کے طور پر ہوئی ہے ، کو علاج کیلئے راجوری فوجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے