پونم پربھاکر کی گرفتاری و ہاسپٹل منتقلی کی سخت مذمت

حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے راتوں رات پونم پربھاکر کو گرفتار کرتے ہوئے ہاسپٹل منتقل کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس کو شیطانی حرکت قرار دیا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کریم نگر میں میڈیکل کالج قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر گذشتہ چار دن سے جمہوری انداز میں پرامن غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے جو وعدہ کیا تھا اس کو پورا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کرنے والے پونم پربھاکر کو راتوں رات پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے ہاسپٹل منتقل کردیا ہے جو غیر جمہوری شیطانی حرکت کی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ افسوس کی بات ہے کہ کریم نگر میں میڈیکل کالج قائم کرنے کا وعدہ کرنے والے چیف منسٹر نے پونم پربھاکر کے 4 روزہ بھوک ہڑتال پر کوئی ردعمل کا اظہار نہ کرتے ہوئے عوام میں غلط پیغام روانہ کیا ہے ۔ ضلع کریم نگر سے حکمران ٹی آر ایس کا زوال شروع ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ سرسلہ میں دلتوں پر ڈھائے گئے ظلم و ستم کا جائزہ لینے کے لیے پہونچنے والی سابق اسپیکر لوک سبھا میرا کمار کو جلسہ عام منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ سارے ضلع کریم نگر کو پولیس چھاونی میں تبدیل کردیا گیا ۔ پونم پربھاکر کی جانب سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کرنے کی اجازت طلب کرنے پر پولیس نے اجازت دینے سے انکار کردیا ۔ پھر پونم پربھاکر نے اپنے گھر کے قریب بھوک ہڑتال کرنے پر انہیں زبردستی گرفتار کرتے ہوئے ہاسپٹل روانہ کردیا گیا ۔ تلنگانہ میں جمہوری نظام کا فقدان پایا جاتا ہے ۔ دستوری امور میں دی گئی گنجائش پر عمل کرنے کی حکومت کی جانب سے اجازت نہ دیتے ہوئے ریاست تلنگانہ کو جنگل راج میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ حق کی آواز کو دبائی جارہی ہے ۔ بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کی نشاندہی کرنے اور نا انصافی کے خلاف آواز اٹھانے پر سرکاری غنڈہ گردی کی جارہی ہے ۔ ریاست کے عوام ہر چیز کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں اور آنے والے وقت میں ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گے ۔۔