چیف منسٹر اور وزیر پنچایت راج کے پتلے نذرآتش‘ حکومت کیخلاف نعرے
حیدرآباد ۔ 8 فبروری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی مسٹر پی لکشمیا کے ساتھ کی گئی پولیس زیادتی کے خلاف تلنگانہ کے تمام مقامات پر زبردست احتجاج کیا گیا ۔ بالخصوص چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھرراؤ اور ان کے فرزند وزیر پنچایت راج و انفارمیشن ٹیکنالوجی مسٹر کے ٹی راماراؤ کے خلاف زبردست نعرے لگائے اور بعض مقامات پر چیف منسٹر تلنگانہ اور وزیر پنچایت راج تلنگانہ مسٹر کے ٹی راماراؤ کے پتلے بھی نذر آتش کئے گئے ۔ ریاست تلنگانہ کے مختلف مقامات سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع میں کانگریس پارٹی کے قائدین و کارکنوں کی کثیر تعداد نے حکومت کے خلاف شدید احتجاجی نعرہ بازی کی ۔ بتایا جاتا ہیکہ گذشتہ دن تلنگانہ حکومت کے مخالف عوام اقدامات اور پالیسیوں ‘ پروگرموں بشمول چیسٹ ہاسپٹل ایرا گڈہ کو ضلع رنگاریڈی کے وقارآباد کو منتقل کرنے کے علاوہ تلنگانہ سکریٹریٹ کو چیسٹ ہاسپٹل ایرا گڈہ کے احاطہ میں منتقل کرنے حکومت کی کوششوں کے خلاف تلنگانہ کانگریس کمیٹی نے گاندھی بھون تا راج بھون پدیاترا پروگرام منظم کیا تھا ۔ لیکن پولیس نے اس پدیاترا کو ناکام بنانے کی پوری پوری کوشش کی جس کی وجہ سے پولیس اور کانگریس قائدین کے مابین ہاتھا پائی اور زیادتی کئے جانے کا واقعہ پیش آیا ۔ جس سے صدر کانگریس کمیٹی تلنگانہ مسٹر لکشمیا کس قدر زخمی ہوگئے اور پولیس نے کانگریس قائدین کے ساتھ نامناسب رویہ اور طرز عمل اختیار کیا اور اس صورتحال کے خلاف ہی کانگریس پارٹی قائدین نے آج تلنگانہ ریاست کے اضلاع میں حکومت تلنگانہ کے خلاف بڑے پیمانے پر سخت احتجاج کیا ۔ اور چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھرراؤ کے ساتھ ساتھ وزیر پنچایت راج مسٹر کے ٹی راما راؤ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں کے پتلے بھی نذرآتش کئے گئے ۔ اضلاع نظام آباد اور نلگنڈہ ورنگل کھمم و دیگر مقامات سے بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرنے اور دھرنا پروگرامس بھی منعقد کئے جانے کی اطلاعات موجود ہوئیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر پی لکشمیا کے ساتھ پولیس کے اختیار کردہ طرز عمل کے خلاف تلنگانہ کانگریس قائدین نے آج تمام تلنگانہ اضلاع میں احتجاج منظم کرنے کی پرزور اپیل کی تھی۔