پونالہ لکشمیا تلنگانہ اور رگھوویرا ریڈی سیما آندھرا کانگریس صدر مقرر

دونوں ریاستوں کیلئے علیحدہ انتخابی منشور کمیٹیوں کی بھی تشکیل، سونیا گاندھی کی ہدایت پر عمل

حیدرآباد 11 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے تقسیم ریاست کے بعد سابق ریاستی وزیر مسٹر پنالہ لکشمیا کو تلنگانہ اور سابق ریاستی وزیر مسٹر این رگھوویرا ریڈی کو آندھراپردیش کانگریس کمیٹیوں کا صدر نامزد کیا گیا۔ سابق ریاستی وزیر مسٹر محمد علی شبیر تلنگانہ پردیش کانگریس تشہیری کمیٹی کے نائب صدرنشین نامزد ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں ریاستوں کے لئے علیحدہ علیحدہ منشور کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے دونوں کمیٹیوں کی تشکیل میں سماجی انصاف کرنے کاد عویٰ کیا ہے۔ کافی غور و خوض کے بعد کانگریس ہائی کمان ریاست کی تقسیم کے بعد دونوں علاقوں پارٹی کو مستحکم کرنے اور انتخابی حکمت عملی تیار کرنے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ سابق ریاستی وزیر مسٹر پنالہ لکشمیا کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سابق ریاستی وزیر مسٹر اتم کمارریڈی کو ورکنگ پریسڈنٹ نامزد کیا گیا ہے۔ 22 رکنی کمیٹی سابق ریاستی وزراء مسٹر محمد علی شبیر، مسٹر محمد فریدالدین کے علاوہ مرکزی وزراء ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی کو نمائندگی دی گئی ہے۔ سابق ریاستی وزیر مسٹر این رگھوویرا ریڈی کو آندھراپردیش کانگریس کمیٹی کا صدر نامزد کیا گیا ہے اور 21 رکنی کمیٹی میں مرکزی وزراء، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی کو نمائندگی دی گئی۔ ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا کو تلنگانہ تشہیری کمیٹی کا صدرنشین اور سابق ریاستی وزیر مسٹر محمد علی شبیر کو نائب صدرنشین نامزد کیا گیا ہے۔

سابق ریاستی وزیر مسٹر ڈی سریدھر بابو کو تلنگانہ منشور کمیٹی کا صدرنشین اور سابق ڈپٹی اسپیکرم سٹر بٹی وکرامارک کو نائب صدرنشین نامزد کیا گیا۔ مرکزی وزیر سیاحت چرنجیوی کو آندھراپردیش کانگریس تشہیری کمیٹی کا صدرنشین اور سابق وزیر مسٹر ڈی مانکیا ورا پرساد کو نائب صدرنشین نامزد کیا گیا۔ منشور کمیٹی کے صدرنشین کی حیثیت سے سابق وزیر مسٹر اے رام نارائن ریڈی اور نائب صدرنشین کی حیثیت سے مرکزی مملکتی وزیر مسز پناباکا لکشمی منتخب ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی نے رگھو ویرا ریڈی کو ٹیلیفون کرتے ہوئے انھیں آندھراپردیش کانگریس کمیٹی کا صدر نامزد کرنے کی اطلاع دی ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھراپردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے کہاکہ کمیٹیوں کی تشکیل میں کانگریس نے سماجی انصاف کیا ہے اور متوازن کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ وہ 13 مارچ کو حیدرآباد کا دورہ کررہے ہیں۔

صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پی لکشمیا اور صدر پردیش کانگریس کمیٹی آندھراپردیش نے علیحدہ علیحدہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھیں صدر پردیش کانگریس کمیٹی نامزد کرنے پر صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی اور نائب صدر مسٹر راہول گاندھی سے اظہار تشکر کیا۔ مسٹر رگھوویرا ریڈی نے سیما آندھرا کے کانگریس قائدین کو پارٹی نہ چھوڑنے کا مشورہ دیا اور ساتھ ہی پارٹی کے دوسرے اور تیسرے درجہ کے قائدین کو مشورہ دیا کہ سینئر قائدین کے پارٹی چھوڑ دینے سے انھیں اپنی صلاحیتوں کو اُبھارنے کا بہترین موقع ملا ہے۔ اس سے بھرپور استفادہ کریں۔ صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی پی لکشمیا نے کہاکہ کانگریس پارٹی علاقہ تلنگانہ میں کافی مستحکم ہے۔ پارٹی کو کامیاب بنانے کیلئے تمام قائدین متحدہ طور پر کام کریں گے جہاں تک اتحاد کا معاملہ ہے، پارٹی ہائی کمان اس کا فیصلہ کرے گی۔ 13 مارچ کو پارٹی کے الیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقدہوگا جس میں مسٹر ڈگ وجئے سنگھ شرکت کریں گے۔