آندھراپردیش میں تبدیلی کے حق میں لہر کا دعویٰ، انکم ٹیکس دھائوں کی تائید
حیدرآباد۔11 اپریل (سیاست نیوز) صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی نے آج کڑپہ کے پولی ویندولہ میں اپنے ارکان خاندان کے ساتھ حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلا خوف و خطر اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ جگن موہن ریڈی باکارا پورم منڈل میں واقع پولنگ بوتھ پر پہنچنے والے ابتدائی رائے دہندوں میں سے تھے۔ وہ جیسے ہی پولنگ بوتھ پہنچے ایک ضعیف خاتون نے انہیں آشیرواد دیا۔ پولیس کو بولنگ بوتھ میں عوام پر کنٹرول کرنے میں دشواری ہورہی تھی۔ جگن نے پہلے لوک سبھا اور پھر اسمبلی کے لیے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ آندھراپردیش میں تبدیلی کے لیے ووٹ دیں۔ قومی میڈیا کی جانب سے بعض اہم وسائل پر سوالات پوچھے گئے۔ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے دھاووں کے بارے میں پوچھے جانے پر جگن نے کہا کہ اگر کسی کے پاس غیر محسوب دولت موجود ہے تو پھر اس پر دھاوے کرنا جائز ہے۔ جب ایک رپورٹر نے پوچھا کہ آپ کی دولت اور اثاثہ جات حلف نامے کے اعتبار سے زیادہ ہیں تو جگن نے فوری جواب دیا کہ یہ تمام محسوب اور ٹیکس ادا کردہ رقم ہے۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کے تبادلے کے بارے میں پوچھے جانے پر جگن نے کہا کہ ہم نے واجبی مطالبہ کیا تھا لیکن الیکشن کمیشن نے اس پر غور نہیں کیا۔ 2009ء میں کسی تلگودیشم نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا تھا کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس کو تبدیل کردیں اور الیکشن کمیشن نے کارروائی کرتے ہوئے تبادلہ کردیا تھا۔ جمہوریت کے اسی جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے ہم نے شکایت کی لیکن الیکشن کمیشن نے کارروائی نہیں کی۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی اعزازی صدر وائی ایس وجیاماں نے رائے دہی میں حصہ لینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست میں مثبت تبدیلی کی امید کرتی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایک قابل بھروسہ پارٹی کے حق میں ووٹ دیں جو ریاست کو ویلفیر اسٹیٹ میں تبدیل کرسکتی ہے۔ وائی ایس شرمیلا اور وائی ایس جگن موہن ریڈی کی اہلیہ وائی ایس بھارتی نے بھی حق رائے دہی سے استفادہ کیا اور عوام کے استقبال کا جواب دیا۔