پولیو کے خاتمہ کیلئے پاکستان کو ہندوستان کی مدد سارک وزرائے صحت کی کانفرنس

نئی دہلی۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے پولیو کے خاتمہ کیلئے پاکستان کو ہر قسم کی تکنیکی مدد کا تیقن دیا ہے۔ آج دونوں ممالک کے وزرائے صحت کی ملاقات کے دوران یہ موضوع زیربحث آیا۔ ہندوستان کو پولیو سے آزاد ملک قراردیا گیا ہے اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے اس کی توثیق کی ہے۔ مرکزی وزیرصحت جے پی ندا نے آج پانچویں سارک وزرائے صحت کانفرنس کی صدارت کے بعد بتایا کہ پاکستان اپنے ملک سے پولیو کے خاتمہ کا خواہاں ہے۔ ہم نے اسے ہر ممکن تکنیکی مدد کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کی ٹیکنیکل ٹیمیں دورہ کرتے ہوئے اپنے تجربہ سے آگاہ کریں گی۔ اس کے علاوہ ہندوستان کے وسیع تر تجربہ کو دیگر ممالک جیسے پاکستان اور افغانستان میں روبہ عمل لایا جائے گا۔ افغانستان نے بھی فارمیسی شعبہ میں ہندوستان سے مدد کی خواہش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان نے مالدیپ کو بھی باہمی بات چیت کے دوران ممکنہ تعاون کا پیشکش کیا ہے۔ اس کے علاوہ سارک ممالک کے وزرائے صحت نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی۔