پولیو خوراک پروگرام کیلئے حکومت تلنگانہ کی ستائش، مرکزی وزیر صحت جگت پرکاش نڈا کا خطاب

حیدرآباد ۔ 24 ۔ جون : ( این ایس ایس) : مرکزی وزیر صحت جگت پرکاش نڈا نے ریاست میں جنگی خطوط پر پولیو خوراک مہم شروع کرنے پر آج حکومت تلنگانہ کے اقدامات کی ستائش کی ۔ ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر سی لکشما ریڈی کے ہمراہ جے پی نڈا نے آج شہر میں املی بن بس اسٹیشن کے قریب گول ناکہ علاقہ میں کھولے گئے پولیو سنٹر کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر چند بچوں کو پولیو خوراک استعمال کروانے کے بعد مخاطب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے پولیو خوراک کے پروگرام کو بڑے پیمانے پر شروع کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان پولیو سے پاک ملک ہے اور اس میں کوئی شبہ نہیں ہے ۔ وائرس کو معلوم کرنے کے لیے ہیلت ونگ کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پروٹوکول ونگ اس مسئلہ پر توجہ دے گی ۔ اس مسئلہ سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے عوام میں دلچسپی زیادہ ہے اور زیادہ ہجوم کی وجہ دوا کی قلت ہوگئی ہے ۔ مسٹر نڈا نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست کو زائد خوراک روانہ کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے پھیلنے کے بارے میں عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت کی جانب سے پولیو کے مسئلہ سے نمٹنے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں جو گذشتہ پانچ سال میں نہیں ہوا ہے ۔۔