پولیس کی 18 ہزار جائیدادوں کیلئے 7 لاکھ 19 ہزار 840 درخواستیں، ریکروٹمنٹ کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات

حیدرآباد ۔ 28 جولائی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے محکمہ پولیس میں مخلوعہ 18 ہزار جائیدادوں پر کئے جانے والے تقررات کیلئے ریاست کے بیروزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کی جانب سے غیرمعمولی مثبت ردعمل حاصل ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ سب انسپکٹرس، پولیس، کانسٹیبلس، فائر سرویس، محکمہ محابس (جیلس) اور فنگر پرنٹس کے علاوہ دیگر اور شعبہ جات میں پائی جانے والی مخلوعہ 18 ہزار جائیدادوں کیلئے جملہ 7,19,840 لاکھ درخواستیں داخل کی گئی ہیں اور اس طرح درخواست گذاروں سے محکمہ پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کو زبردست آمدنی حاصل ہوئی ہے۔ اس رکروٹمنٹ کیلئے ایس سی اور ایس ٹی طبقات سے درخواست حاصل کرنے کی فیس میں 50 فیصد رعایت دی گئی جبکہ بی سی (پسماندہ طبقات) اور عام زمرہ کے درخواست گزاروں سے مقررہ مکمل فیس وصول کی گئی۔ پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کے باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ زائد از 50 کروڑ روپئے بطور درخواست فیس پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کو حاصل ہوئے۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ اتنی بھاری مقدار میں درخواست فیس ریاستی پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کو شاید پہلی مرتبہ حاصل ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کے انتظامات و تقررات کے عمل کو پورا کرنے کیلئے درکار رقومات ہیڈ آفس پولیس فورس اکاؤنٹس سے حاصل کرنا پڑتا ہے۔ بورڈ کے باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ حاصل ہوئی آمدنی سے انتظامات کے مصارف کی تکمیل کی جائے گی۔ اس طرح رکروٹمنٹ کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں۔