پولیس کی لاپرواہی پر خاتون کی اقلیتی کمیشن سے شکایت

چیرمین کمیشن عابد رسول خاں سے ملاقات ، انصاف رسانی کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : راجندر نگر پولیس کی مبینہ لاپرواہی کے خلاف ایک خاتون اقلیتی کمیشن سے رجوع ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اپنے بیٹے کی موت کے ذمہ داروں کو کھلی چھوٹ دئیے جانے اور تحقیقات میں لاپرواہی کے سبب اس خاتون نے مسئلہ کو اقلیتی کمیشن سے رجوع کردیا ۔ پہاڑی میر محمود علاقہ سے تعلق رکھنے والی خاتون کنیز عسکری نے آج اقلیتی کمیشن کے چیرمین جناب عابد رسول خاں سے ملاقات کی اور انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے ان سے درخواست پیش کی ۔ اس خاتون کا مطالبہ ہے کہ ان کے 12 سالہ مقتول لڑکے سکندر علی کے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور قصور واروں کو سخت سزاء دی جائے ۔ اس خاتون نے مقامی نوجوانوں پر اپنے بیٹے کے قتل کا الزام لگایا اور کہا کہ منصوبہ بند طریقہ سے ان کے بیٹے کو سوئمنگ پول میں غرق کردیا گیا اور راجندر نگر پولیس ان قاتلوں کے خلاف کارروائی کے بجائے ان کی پشت پناہی کررہی ہے ۔ جناب عابد رسول خاں نے اس خاتون کو انصاف دلانے کا تیقن دیا اور بھروسہ دلایا کہ وہ انصاف کے لیے اقدامات کریں گے ۔۔