موٹر سائیکلس و دیگر اشیاء ضبط ، راجندر نگر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /22جولائی ( سیاست نیوز ) راجندر نگر پولیس نے 5 افراد بشمول ایک کمسن کو گرفتار کرتے ہوئے موٹر سائیکلوں اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے تلاش مہم کے دوران اس ٹولی کو بے نقاب کیا جو اپا جنکشن کے قریب مشتبہ حالت میں گشت کر رہی تھی ۔ پولیس نے شبہ کی بنیاد پر 27 سالہ احمد، 22 سالہ آٹو ڈرائیور افروز خان ، 20 سالہ طالب علم سمیع 19 سالہ طالب علم قدیر قریشی اور ایک کمسن کو حراست میں لیتے ہوئے تفتیش کی اور تفتیش کے دوران ان افراد نے اپنے جرائم کو قبول کرلیا ۔ گرفتار لڑکے کالا پتھر ، تاڑبن بہادر پورہ ، شاستری پورم علاقوں کے ساکنان بتائے گئے ۔ ان کے قبضہ سے پولیس نے 7 موٹر سائیکلس 10 گرام سونا 13 ہزار روپئے نقد رقم 6 سیل فونس جن کی مالیت چار لاکھ تیس ہزار روپئے بتائی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ پولیس نے اس افراد کے قبضہ سے ایرگن اور دو خنجر بھی ضبط کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس شمس آباد مسٹر سرینواس نے ایک پریس کانفرنس کے دوران گرفتار افراد کو میڈیا کے روبرو پیش کیا اور پولیس کی کارکردگی کی ستائش کی ۔ پولیس کے مطابق ان افراد نے راجندر نگر نارسنگی ، شمس آباد ، حیات نگر ، ابراہیم پٹنم ، بنجارہ ہلز اور جوبلی ہلز کے علاقہ میں سرقہ کی وارداتیں انجام دی تھیں ۔ اس موقع پر اے سی پی راجندر نگر کے علاوہ انسپکٹر ڈیٹکٹیو راجندر نگر مسٹر بی پرکاش انسپکٹر راجندر نگر امیندر اور دیگر موجود تھے ۔