پولیس کی بیروزگار نوجوانوں کے لیے خصوصی مہم

حیدرآباد۔/29اگسٹ، ( سیاست نیوز) بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی غرض سے حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے ’’جاب کنیکٹ ایمپلائمنٹ ویان ‘‘ کے ذریعہ شروع کی گئی مہم کے آج مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ ویسٹ زون کے علاقہ حبیب نگر میں آج انوارالعلوم کالج میں میگا جاب میلہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا جس میں 3000 سے زائد بیروزگار نوجوانوں نے حصہ لیا جس کے نتیجہ میں 600 بیروزگار نوجوانوںکو ملازمت حاصل ہوئی ہے۔ ویسٹ زون سے تعلق رکھنے والے کئی مسلم نوجوانوں نے پروگرام سے قبل اپنا رجسٹریشن کروایا تھا اور آج اس پروگرام میں شرکت کی اور 60 بڑی کمپنیوں کی جانب سے 600 بیروزگار نوجوانوں کو ملازمت فراہم کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر وینکٹیشور راؤ کی زیر نگرانی اس جاب میلہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا جس میں معاشی طور پر کمزور اور پسماندہ سینکڑوں بیروزگار نوجوانوں نے اس پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اپنی قابلیت کی بنیاد پر ملازمت حاصل کی۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی کی جانب سے جرم کی شرح کو کم کرنے کی غرض سے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے ’’ جاب کنیکٹ ایمپلائمنٹ ویان ‘‘ پروگرام متعارف کیا گیا تھا۔ جس کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں بیروزگار نوجوانوں کو اپنی قسمت آزمانے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔ اس قسم کے پروگرام کا کالجس کے علاوہ ریلوے اسٹیشنس، بس اسٹیشنوں اور دیگر عوامی مقامات پر بھی انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے تاکہ مختلف کمپنیوں میں موجود روزگار کے مواقع بیروزگار نوجوانوں کو فراہم کئے جاسکیں۔