پولیس کی بربریت والے ویڈیو کے بعد 3 پولیس ملازمین معطل

نئی دہلی /24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس نے آج قومی دارالحکومت میں مبینہ پولیس بربریت کے حامل ایک ویڈیو کو عام آدمی پارٹی کی جانب سے جاری کئے جانے کے بعد 3 پولیس ملازمین کو معطل کردیا۔ یہ ویڈیو ریل بھون میں دہلی پولیس کے خلاف عام آدمی پارٹی کے دھرنا کے چند دنوں بعد سامنے آیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ 3 پولیس ملازمین مبینہ طورپر لکڑی سے ایک شخص کو پیٹ رہے ہیں۔ پولیس ملازمین کو اس شخص کے پیاکٹ سے پیسے لیتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کا کہنا ہے کہ اس ویڈیو کی ریکارڈنگ 12 جنوری کو کی گئی ہے۔

آئی اے ایس آفیسرس معاملہ میں مداخلت کرنے وزیر اعظم پر زور
نئی دہلی /24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج وزیر اعظم منموہن سنگھ پر زور دیا کہ وہ اس ماہ کے اوائل میں وزارت داخلہ کی جانب سے دہلی حکومت کی خدمات انجام دینے والے 7 سینئر آئی اے ایس عہدہ داروں کے تبادلے روکنے مداخلت کریں۔ منموہن سنگھ کے نام مکتوب روانہ کرتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ ان تمام عہدہ داروں کو وسیع تر تجربہ ہے، ان کی نئی حکومت کو ان کی خدمات کی ضرورت ہے۔

الگیری، ڈیم ایم کے سے معطل
چینائی /24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وہپ جاری کرتے ہوئے ڈی ایم کے نے آج اپنے مدورائی کے مرد آہن اور کرونا ندھی کے فرزند ایم کے الگیری کو پارٹی کے تمام عہدوں اور ابتدائی رکنیت سے معطل کردیا ہے۔ ان سے کہا گیا ہے کہ ڈی ایم کے ڈی ایم ڈی کے اتحاد پر ان کی مخالفت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری کے انجگاں نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ الگیری کے بیان کا ہائی کمان نے سخت نوٹ لیا ہے۔