نئے اضلاع کے ساتھ 28سرکل آفسیس،86نئے پولیس اسٹیشنوں کا قیام : کے سی آر
حیدرآباد۔/5اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ نفاذ قانون کیلئے ایک ایسا طریقہ کار تیار کریں جس سے مجرمین میں خوف پیدا ہو اور عوام سکون کی نیند سوسکیں۔ ضرورت کے مطابق مختلف مقامات پر ہیلی پیاڈ تیار کریں تاکہ شہریوں کی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ اضلاع کی تنظیم جدید کے پیش نظر تلنگانہ میں 86نئے پولیس اسٹیشنس،28 پولیس سرکل آفس اور 25سب ڈیویژنل آفس قائم کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے اضلاع کی تنظیم جدید کے تناظر میں آج ڈی جی پی آفس پر پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کا جائزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے نئے اضلاع کی تشکیل کے ساتھ ساتھ محکمہ پولیس کی خدمات کو بھی توسیع دینے اور تمام چیلنجس سے نمنٹے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی۔ اس اجلاس میں ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، چیف سکریٹری راجیو شرما، ڈی جی پی انوراگ شرما، سینئر پولیس عہدیدار مہیندر ریڈی، مہیش بھگوت، سندیپ سلطانیہ، سدھیر، ناگی ریڈی، اکون سبھروال، چیف منسٹر آفس کے پرنسپال سکریٹریز نرسنگ راؤ، شانتی کماری کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے پولیس عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسا نظام قانون تیار کریں جس سے مجرم جرم کرنے کے بعد تلنگانہ کے حدود سے باہر نہیں نکل پائے۔ جرائم پر مکمل کنٹرول کرنے کیلئے محکمہ پولیس میں تنظیم جدید کریں۔ عوام میں یہ بھروسہ پیدا ہونا چاہیئے کہ ان کی حفاظت کیلئے پولیس جاگ رہی ہے، وہ چین کی نیند سوسکتے ہیں۔ اتفاقی حادثات پر منٹوں میں پولیس کی رسائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اقسام کے جرائم پر قابو پانے کی حکمت عملی تیار کریں۔ پولیس کمشنریٹ کے حدود میں واقع اضلاع میں ڈی سی پی ، ڈیویژنس دفاتر کے قیام کا ایس پیز کو جائزہ لینے کا حکم دیا۔ اضلاع کی تنظیم جدید سے 86 نئے پولیس اسٹیشنس، 28 پولیس سرکل آفس اور 25سب ڈیویژنل آفس قائم کرنے ضرورت کے مطابق عملے کا تعین کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اضلاع کی تنظیم جدید میں 119 نئے منڈلس تشکیل دیئے جارہے ہیں جن میں 33 مقامات پر اسٹیشن ہیں مزید 86 نئے پولیس اسٹیشنس قائم کرنے پر زور دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک کی 125 کروڑ آبادی کیلئے جملہ 12,806پولیس اسٹیشنس ہیں ہر 92ہزار آبادی پر ایک پولیس اسٹیشن سے تلنگانہ کی 3.60 کروڑ آبادی کیلئے جملہ 709 پولیس اسٹیشن رہیں گے۔ تلنگانہ میں ہر 50ہزار آبادی کیلئے ایک پولیس اسٹیشن ہوگا۔