مقدمات سے دستبرداری کا مطالبہ ۔ رکن اسمبلی راجہ سنگھ کا ویڈیو
حیدرآباد 20 اگسٹ (سیاست نیوز) بی جے پی کے متنازعہ رکن اسمبلی گوشہ محل ٹی راجہ سنگھ نے آج ایک نیا ویڈیو جاری کرتے ہوئے یہ اعلان کیاکہ وہ پولیس کی تازہ ترین کارروائی کے خلاف کمشنر پولیس دفتر میں غیر معینہ بھوک ہڑتال کریگا۔ راجہ سنگھ نے دھمکی دی کہ بقرعید کے دوران پرانے شہر میں فروخت کیلئے لائے گئے بڑے جانوروں کو کاٹنے سے روکا جائے اور اس کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اُس نے اپنے ویڈیو میں کہاکہ حالیہ دنوں افضل گنج، شاہ عنایت گنج اور دیگر پولیس اسٹیشنس میںاُس کے اور اُس کے دیگر کارکنوں کے خلاف درج کئے گئے مقدمات کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کرے گا۔واضح رہے کہ بڑے جانوروں کی منتقلی کے دوران علاقہ معظم جاہی مارکٹ روڈ اور شاہ عنایت گنج علاقوں میں متنازعہ بی جے پی رکن اسمبلی کے حامیوں نے ہنگامہ آرائی کرکے حالات کو کشیدہ بنانے کی کوشش کی تھی جس پر پولیس نے کئی مقدمات درج کئے ۔ رکن اسمبلی نے کہاکہ پولیس نے کارکنوں پر غیر ضروری مقدمات درج کرتے ہوئے اُسے نشانہ بنایا ہے۔ راجہ سنگھ نے کہاکہ پولیس ان مقدمات سے فوری دستبرداری اختیار کرے ورنہ وہ صبح 10 بجے کمشنر پولیس دفتر واقع بشیر باغ پہونچ کر بھوک ہڑتال شروع کرے گا۔ اگر پولیس اُسے کسی پولیس اسٹیشن میں منتقل کرتی ہے تب بھی وہ اپنی بھوک ہڑتال جاری رکھے گا۔