زائد از 62 ہزار مرد و خواتین کو صیانتی محکمہ جات سے وابستہ کیا جائے گا
نئی دہلی۔2فبروری ( سیاست ڈاٹ کام) حکومت ہند نے اعلان کیا ہے کہ 62ہزار سے زیادہ نوجوان مرد و خواتین کو مرکزی نیم فوجی تنظیم اور پولیس میں بحیثیت کانسٹبل بھرتی کیا جائے گا ۔ اس کیلئے مرکزی نیم فوجی فورس جیسے سی آر پی ایف ، بی ایس ایف ، آئی ٹی بی ٹی ، ایس ایس بی ، سی آئی ایس ایف ، این آئی اے اور ایس ایس ایف سے افراد کو منتخب کیا جائے گا ۔ مرکزی وزارت داخلہ نے ایک بڑی مہم کا آغاز کیا ہے جس میں افرادی طاقت ان صیانتی محکموں سے گذشتہ تقریباً پانچ سال میں حاصل کی جاتی رہی ہے ۔ ایس سی ، ایس ٹی اور او بی سی امیدواروں کیلئے تحفظات کے علاوہ عمر کی حد میں رعایت بھی دی جائے گی ۔ گجرات فسادات 2002ء اور سکھ دشمن فسادات 1984ء میں مہلوکین کے بچوں کو عمر کی اعظم ترین حد میں رعایت کی جائے گی۔ وزارت داخلہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ یہ حکومت ہند کی جانب سے تقررات کی سب سے بڑی مہم ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔