پولیس ڈیوٹی کے دوران کیاپ کا استعمال لازمی

خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ: سٹی پولیس کمشنر
حیدرآباد۔ 6 اکتوبر (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہیندر ریڈی نے شہر کے تمام پولیس اسٹیشنوں کے عملے کو ہدایت جاری کرتے ہوئے ڈیوٹی انجام دینے کے دوران ٹوپی پہننے کو لازمی قرار دیا ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سٹی آرمڈ ریزروڈ (سی اے آر)  ہیڈکوارٹرس کو اٹائچ کردینے کا انتباہ دیا ہے۔ اس سلسلے میں تحریری احکامات جاری کئے گئے ہیں اور دونوں شہروں کے تمام پولیس اسٹیشنس سے وابستہ انسپکٹران و دیگر عہدیداروں کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ وردی میں ڈیوٹی انجام دینے کے دوران ٹوپی پہننا لازم ہے۔ چونکہ وردی میں ڈیوٹی انجام دینے کے دوران ٹوپی نہ پہننے سے عوام میں پولیس کی ساکھ متاثر ہورہی ہے۔ ہر پولیس ملازم فخر سے اور صاف ستھری وردی پہنے۔ چنانچہ سٹی پولیس کے اعلیٰ عہدیدار اپنے ماتحتین کو کمشنر پولیس کی جانب سے جاری کردہ احکامات سے واقف کروایا ہے۔ کمشنر پولیس نے اپنے احکام میں یہ بات واضح طور پر بتائی ہے کہ ڈیوٹی پر ٹوپی نہ پہننے کے حکم کی خلاف ورزی کرنے پر انہیں غیراہم شعبہ سی اے آر ہیڈکوارٹرس کو بھیج دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سزا کے طور پر کئی پولیس عہدیداروں کو سی اے آر ہیڈکوارٹرس کو اٹائچ کیا جاتا ہے اور ریزروڈ پولیس ہیڈکوارٹرس محض ہنگامی حالات میں متبادل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے تشکیل تلنگانہ کے بعد حیدرآباد کے پہلے کمشنر پولیس کی حیثیت سے جائزہ لینے کے بعد سٹی پولیس میں کئی تبدیلیاں لائی ہیں جن میں عوام دوست پولیسنگ کے علاوہ کئی اقدامات شامل ہیں اور سٹی پولیس کی ساکھ کو عالمی سطح پر شہرت دلانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔