پولیس پر سوالات اٹھانے کا سلسلہ بند کریں : کرن رجیجو

نئی دہلی ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سیمی کے آٹھ کارکنوں کی مبینہ پولیس انکاؤنٹر میں ہلاکت پر پیدا شدہ تنازعہ کے درمیان مملکتی وزیرداخلہ کرن رجیجو نے آج کہاکہ اس مسئلہ پر شبہات کے اظہار اور پولیس سے سوالات کا سلسلہ بند کیا جانا چاہئے کیوں کہ محض ویڈیو کلپس کی بنیاد پر کوئی نتیجہ برآمد نہیں کیا جاسکتا۔ رجیجو نے کہاکہ حقائق بہت جلد منظر عام پر آجائیں گے اور انھوں نے اس ضمن میں شکوک و شبہات پیدا کرنے کے علاوہ حکام و پولیس سے سوالات کرنے کی ’عادت‘ پر تنقید کی۔ انھوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’محض ویڈیوز کی بنیاد پر دہشت گردوں سے نمٹنے والے سکیورٹی فورسیس کے بارے میں سوالات اٹھانا بہتر نہیں ہے۔ ہم سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے چیلنج کا سامنا کررہے ہیں اور ہمارے (سکیورٹی) فورسیس اس کا جواب دے رہے ہیں۔