پولیس پر حملہ ، چھ خواتین پر مقدمہ

تھانے ۔ 27جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام )کم از کم چھ خواتین کو بھیونڈی کے پیرانی پاڑہ پولیس والوں کے ایک گروپ پر مبینہ حملے کی پاداش میں ماخوذ کیا گیاہے جبکہ آخرالذکر وہاں دھوکہ دہی کے کیس میں ایک شخص کو گرفتار کرنے گئے تھے ، ایک آفیسر نے آج یہ بات بتائی ۔ یہ واقعہ کل دوپہر پیش آیا ۔ تھانے پولیس کے ترجمان ایس نارکر نے کہاکہ بھیونڈی کرائم یونٹ اور اُوشی وارا پولیس اسٹیشن سے ایک ٹیم پیرانی پاڑہ کو گئی تھی تاکہ ایک مجرم کو گرفتار کیا جائے ۔ وہاں اُن کے کام میں مداخلت کرتے ہوئے تقریباً چھ خواتین نے پولیس ٹیم پر حملہ کیا ۔ پولیس کو ملزم قمر علی جعفری کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جو تلبیس شخصی اور دھوکہ دہی کے سلسلے میں پولیس کو مطلوب ہے۔ خواتین نے بعض پولیس والوں کے یونیفارم بھی پھاڑ دیئے ۔