پولیس ویان میں دھماکہ سے پاکستانی قیدی ہلاک

سرینگر 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے سوپور ٹاؤن میں آج ایک پاکستانی عسکریت پسند ہلاک اور 5 پولیس ملازمین اُس وقت شدید زخمی ہوگئے جب پولیس گاڑی کے اندر بم دھماکہ ہوگیا۔ یہ گاڑی زیردریافت قیدی کو اسکارٹ (تحفظ) فراہم کررہی تھی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ زیردریافت قیدی وحید نور خاں کو پولیس گاڑی میں سنٹرل جیل سرینگر منتقل کیا جارہا تھا کہ اچانک ویان میں دھماکہ سے وہ ہلاک ہوگیا۔ وحید خاں کو سال 2010 ء میں عسکریت پسندی سے متعلق کیس میں گرفتار کیا گیا تھا اور اُسے سوپور میں ایک سیشن کورٹ میں پیش کیا جانا تھا۔ قیدی کی حفاظت کے لئے متعین 5 ملازمین پولیس دھماکہ میں شدید زخمی ہوگئے انھیں SKIMS ہاسپٹل میں شریک کروادیا گیا ہے۔ دریں اثناء شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں مچھلی سیکٹر کے قریب سکیورٹی فورسیس نے سرحد پار سے دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک نامعلوم عسکریت پسند کو ہلاک کردیا۔