حیدرآباد۔30جنوری(سیاست نیوز) ٹریفک پولیس کی جانب سے کئے جانے والے چالانات کی ادائیگی میں ہونے والی تاخیر کو دیکھتے ہوئے ٹریفک پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ نقد سے پاک لین دین کو یقینی بنانے کیلئے کارڈ کے ذریعہ برسر موقع چالانات کی ادائیگی کی سہولت فراہم کی جائے۔ ٹریفک پولیس نے نقد رقومات بطور چالان وصول کرنا بند کئے ہوئے عرصہ ہو چکا ہے لیکن صرف چالان کردیئے جانے کے سبب قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد چالانات کی ادائیگی میں تاخیر کررہے ہیں اس تاخیر سے بچنے اور برسر موقع چالان کی وصولی کیلئے کارڈ مشین استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہر حیدرآبادمیں محکمہ ٹریفک پولیس کے ذرائع کے بموجب بہت جلد ٹریفک پولیس عہدیداروں کو کارڈ سوائپنگ مشین حوالے کی جائے گی تاکہ وہ برسر موقع چالان کی رقم کارڈ کے ذریعہ وصول کرسکیں۔ حیدرآباد ٹریفک پولیس نے 2015میں نقد کے بغیر چالان کی ادائیگی کی سہولت فراہم کردی ہے اور اس کے بعد سے آن لائن چالان کی وصولی یا می سیوا وغیرہ پر چالان کی وصولی کے علاوہ ٹریفک پولیس چالان بوتھ پر چالان جمع کروانے کی سہولت فراہم کی جا رہی تھی ۔ ٹریفک پولیس کو بدعنوانیوں سے پاک بنانے کی اس مہم کے تحت ٹریفک پولیس کو نقد چالان وصول کرنے سے روک دیا گیا تھا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں بھی انہیں صرف چالان جاری کرنے کی تاکید کی گئی تھی جبکہ چالان کی رقم جمع کروانے کے لئے آن لائن طریقہ کار اختیار کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا لیکن اب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کارڈ کے ذریعہ چالان ادا کرپائیں گے اور انہیں آن لائن چالان ادا کرنے میں بھی کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ شہر حیدرآباد میں ٹریفک پولیس کی جانب سے چالانات کے باوجود عدم وصولی کے سبب محکمہ ٹریفک پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ شہر میں موٹر سیکل رانوں اور ڈرائیورس کو روک کر دستاویزات کی تنقیح کرنے والے ٹریفک پولیس عہدیداروں اور ملازمین کو کارڈ کے ذریعہ چالان کی وصولی کو ممکن بنانے کے لئے کارڈ مشینیں حوالہ کی جائیں تاکہ چالانات کی رقم بروقت وصول کی جا سکے۔ کارڈ کے ذریعہ ادائیگی کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس کی جانب سے چالان وصول کرنے کی سہولتیں بھی جوں کی توں برقرار رہیں گی اور لوگ اگر چاہیں تو وہ آن لائن بھی چالان کی رقم ادا کرسکیں گے۔