حیدرآباد 16 اپریل (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ریاست میں مختلف محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے عمل میں تیزی پیدا کررہی ہے اور اسی کے ایک حصہ کے طور پر محکمہ پولیس میں مخلوعہ جائیدادوں کے منجملہ 3,620پولیس کانسٹیبلس کے تقررات عمل میں لانے کیلئے حکومت نے نہ صرف ’’گرین سگنل‘‘ دیا ہے بلکہ آج محکمہ فینانس کی جانب سے 3,620 پولیس کانسٹیبلس کی جائیدادوں پر تقررات کرنے کی باقاعدہ مالیاتی (فینانس) منظوری دیتے ہوئے جی او ایم ایس غیر 41 بھی جاری کردیا ہے ۔ اس طرح توقع کی جاتی ہیکہ 3,620 پولیس کانسٹیبلس کی مخلوعہ جائیداوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے بہت جلد حکومت اعلامیہ جاری کرے گی۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ حکومت نے محکمہ پولیس میں کانسٹیبلس کی مخلوعہ جائیداوں پر تقررات کرنے کا گذشتہ چند ماہ قبل ہی فیصلہ کیا تھا لیکن تقررات سے متعلق اعلامیہ کی اجرائی سے قبل محکمہ فینانس کی منظوری ضروری قرار دیئے جانے کے باعث محکمہ فینانس سے مذکورہ 3620 پولیس کانسٹبلس کے تقررات عمل میں لانے کے لئے باقاعدہ رقمی منظوری حاصل کرنے کیلئے تقریبا تین ماہ درکارہوئے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ بعض دیگر محکمہ جات میں بھی ملازمین کے تقررات عمل میںلانے کیلئے حکومت کی جانب سے بہت جلد احکامات جاری کرنے کی قوی توقع پائی جارہی ہے ۔