پولیس میں 26ہزار جائیدادوں پر عنقریب تقررات

ہر پولیس اسٹیشن میں 33فیصد خاتون اسٹاف: ڈی جی پی
حیدرآباد۔/27ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت ریاستی محکمہ پولیس میں مخلوعہ جملہ جائیدادوں کے منجملہ 26 ہزار مختلف زمروں کی جائیدادوں پر بہت جلد تقررات عمل میں لانے کے اقدامات کرے گی۔ ہر پولیس اسٹیشن میں کم از کم 33 فیصد خاتون پولیس اسٹاف کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ریاست تلنگانہ مسٹر انوراگ شرما نے آج گوداوری کھنی میں 4.5 کروڑ روپیوں کے مصارف سے تعمیر کی جانے والی پولیس اسٹیشن عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاست میں امن و ضبط کی برقراری کو پولیس اپنی اولین ترجیح دیتے ہوئے شب و روز مصروف ہے اور پولیس کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرتے ہوئے خستہ حال پولیس اسٹیشنوں کی عمارتوں کو منہدم کرکے عصری سہولیات سے لیس نئے پولیس اسٹیشن عمارتوں کی تعمیر کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر انوراگ شرما نے ریاست میں پولیس اصلاحات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام میں پولیس کے نام سے ڈر و خوف کے علاوہ غلط تاثر پایا جاتا تھا لیکن اس ڈر و خوف اور غلط تاثر کو ختم کرنے کیلئے ’’ فرینڈلی پولیسنگ سسٹم ‘‘ کو متعارف کیا گیا جس کی وجہ سے آج عوام بھی پولیس سے قربت اختیار کرکے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ راما گنڈم پولیس کمشنریٹ کی عصری سہولتوں سے لیس نئی عمارت کی تعمیر کے کاموں کا اس تقریب کے موقع پر مسرس دامودر صدرنشین پولیس ہاوزنگ کارپوریشن ، صدر نشین ٹی ایس آر ٹی سی ایم ستیہ نارائنا، ارکان قانون ساز کونسل بھانو پرساد، این لکشمن راؤ کے علاوہ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔