پولیس میں زیر تصفیہ مقدمات کی یکسوئی کیلئے ’میلہ ‘

کمشنر سٹی پولیس نے پانچ زونس میں منعقدہ پروگراموں کا معائنہ کیا
حیدرآباد یکم ڈسمبر (سیاست نیوز)شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں زیر تحقیقات مقدمات کی یکسوئی کیلئے کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہندر ریڈی نے آج پانچ زونس میں ’’زیر تحقیقات مقدمات کا میلہ‘‘ کا انعقاد کیا جس میں تمام پولیس اسٹیشن کے انسپکٹران و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ ساوتھ زون میں علاقہ فلک نما میں ایک شادی خانہ میں میلہ کا انعقاد عمل میں آیا جبکہ ایسٹ زون میں ایمپرئیل گارڈن ، سنٹرل زون میں جل وہار نکلس روڈ، نارتھ زون میں ماریڈ پلی پدما شالی بھون اور ویسٹ زون میں یوسف گوڑہ محمد فنکشن ہال میں میلہ کا انعقاد ہوا ۔ کمشنر پولیس نے اس موقع پر پانچ زونس کا معائنہ کیا اور اپنے ماتحتوں کو ہدایت دیتے ہوئے زیر دریافت مقدمات کی جلد از جلد یکسوئی کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر نارتھ زون میں منعقدہ میلہ میں مسٹر ایم مہندر ریڈی نے بتایا کہ شہر میں سب سے زیادہ زیر دریافت مقدمات ایسٹ زون میں ہے اور عہدیدار ان کی یکسوئی کیلئے فوری اقدامات کریں۔ اس موقع پر شہر کے 62 پولیس اسٹیشنس سے وابستہ انسپکٹران تمام ڈیویژن کے اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس اور متعلقہ ڈپٹی کمشنران بھی موجود تھے۔ زیر دریافت مقدمات کی فائیلس کا کمشنر پولیس نے معائنہ کیا اور طویل عرصہ سے زیر تحقیقات مقدمات کی تحقیقات مکمل نہ ہونے اور اس میں عدم پیشرفت کے باعث برہمی کا اظہار کیا ۔