پولیس میں بھرتی ‘ مسلم نوجوانوں کو موقع: محمود علی

حیدرآباد۔27جولائی(سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست جناب محمد محمود علی نے نئی ریاست تلنگانہ میں پولیس بھرتی کے موقع پر مسلم نوجوانوں کو آبادی کے تناسب سے موقع فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی نے اپنے انتخابی منشور میں تلنگانہ کے تمام شعبہ حیات میںمسلمانوں کو بارہ فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے جس پر عمل آواری کے لئے ٹی آر ایس سربراہ مسٹر کے چندرشیکھر رائو کی سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہاکہ تلنگانہ کے محکمہ پولیس کی جانب سے پولیس بھرتی کے متعلق اعلامیہ عنقریب جاری کیا جائے گاجس میں 3700کے قریب جائیدادوں پر تقررات عمل میں ائیں گے۔ جناب محمد محمود علی نے کہاکہ ادارے سیاست پچھلے کئی سالوں سے پولیس ٹریننگ کیمپ منعقد کرتے ہوئے مسلم نوجوانوں کو محکمہ پولیس میں ملازمت کے مواقع فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس مرتبہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے محکمہ بلدیہ کی نگرانی میں مفت پولیس ٹریننگ کیمپ بھی منعقد کئے جائیں گے جس میں ماہرین کی خدمت حاصل کی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت تلنگانہ کے ہر گھر سے ایک سرکاری ملازم کے تقرر کو یقینی بنانے کے منصوبے پر گامز ن ہے تاکہ پچھلے ساٹھ سالوں سے تعصب کا شکار تلنگانہ کی عوام کو انصاف او ر ترقی کے موقع مل سکے۔انہوں نے اس پولیس میںبھرتی کے خواہش مند نوجوانوں سے حفظان صحت کا خاص خیال رکھنے کی اپیل بھی کی۔