15 ہزار جائیدادوں پر تقررات، حیدرآباد اور اضلاع میں ٹریننگ کے مراکز، دانا کشور اور پروفیسر ایس اے شکور کا پولیس عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔26 اپریل (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے حیدرآباد اور اضلاع میں اقلیتی امیدواروں کو پولیس رکروٹمنٹ کے سلسلہ میں فزیکل اور تحریری امتحانات کی ٹریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ مینارٹیز اسٹیڈی سرکل محکمہ پولیس کے اشتراک سے کوچنگ کا اہتمام کرے گا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود ایم دانا کشور، ڈائرکٹر اسٹیڈی سرکل پروفیسر ایس اے شکور، ڈپٹی کمشنر پولیس سائوتھ زون ستیہ نارائنا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر غوث محی الدین اور دیگر عہدیداروں کا اجلاس آج منعقد ہوا جس میں اقلیتی نوجوانوں کے لیے پولیس رکروٹمنٹ ٹریننگ کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔ محکمہ پولیس نے 15000 جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں عنقریب اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ اس میں 5000 جائیدادیں حیدرآباد میں ہیں جبکہ اضلاع میں 10000 جائیدادوں پر تقررات کیئے جائیں گے۔ کانسٹیبلس کی 14000 اور سب انسپکٹرس کی 1000 جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں اقلیتی نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے ٹریننگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حال ہی میں وزیر آبپاشی ہریش رائو کی جانب سے اقلیتی بہبود کی کارکردگی پر منعقدہ جائزہ اجلاس میں پولیس ٹریننگ کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ مینارٹیز اسٹیڈی سرکل کو اقلیتی امیدواروں کی کوچنگ کی ذمہ داری دی گئی جو پولیس کے اشتراک سے دی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حیدرآباد میں سائوتھ زون سے 1200 اور دیگر زونس سے 800 امیدواروں کا ٹریننگ کے لیے انتخاب ہوگا۔ کوچنگ کے انچارج کی حیثیت سے پروفیسر ایس اے شکور کو مقرر کیا گیا ہے۔ کوچنگ کے دوران امیدواروں کو تحریری امتحان کا مواد فراہم کیا جائے گا اس کے علاوہ ناشتہ کا بھی انتظام رہے گا۔ اقلیتی آبادی والے اضلاع میں ہر ضلع سے 300 اور دیگر اضلاع میں ہر ضلع سے 100 امیدواروں کا ٹریننگ کے لیے انتخاب کیا جائے گا۔ متعلقہ سپرنٹنڈنٹ پولیس ٹریننگ میں تعاون کریں گے۔ اردو میڈیم امیدواروں کے لیے اردو زبان میں اسٹیڈی مٹیریل دستیاب رہے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اندرون دو یوم ٹریننگ مراکز اور طریقہ کار کو قطعیت دی جائے گی۔ اس سلسلہ میں کل کمشنر پولیس حیدرآباد اور دیگر اعلی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ اندرون 10 یوم ٹریننگ کا آغاز ہوگا۔ حیدرآباد میں ٹریننگ کا پہلے آغاز ہوگا جبکہ اضلاع میں مرحلہ وار طور پر ٹریننگ کیمپس منعقد کیے جائیں گے۔ پولیس تقررات میں اقلیتوں کو مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے پہلی مرتبہ حکومت نے بڑے پیمانے پر ٹریننگ کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریری اور فزیکل ٹریننگ میں ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ امید کی جارہی ہے کہ اس ٹریننگ سے پولیس ڈپارٹمنٹ میں اقلیتوں کی نمائندگی میں اضافہ ہوگا۔