پولیس ملازمین کیلئے غصہ اور برہمی مناسب نہیں: کمشنر دہلی

نئی دہلی ۔ 13 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس کے سربراہ بی ایس بتی نے آج پولیس اہلکاروں کو یہ نصیحت کی ہے کہ ذہنی دباؤ اور کشیدہ حالات میں بھی صبر و تحمل کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں اور ہمیشہ اعتدال پسندی پر قائم رہیں کیونکہ حال ہی میں ایک ایک خاتون پر ٹریفک کانسٹبل کی جانب سے اینٹ سے حملہ کے واقعہ کے پیش نظر پولیس فورس پر تنقید و تعریض کی جارہی ہے۔ دہلی پولیس کمشنر کی یہ کوشش ہے کہ پولیس ملازمین اپنے ساتھ ریکارڈنگ آلات رکھیں تاکہ عوام سے ملاقات اور بات چیت اڈیو ٹیپ یا کیمرہ پر محفوظ کی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ پولیس کی ٹریننگ اسطرح ہونی چاہئے کہ ملازمین صبر و استقلال پر اٹل رہیں اور کسی بھی حالت میں مشتعل اور بے قابو نہ ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نظام میں ہم یہ تبدیلی دیکھناچاہتے ہیں کہ شدید دباو کے حالات میں بھی ہمارے عہدیدار قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہیں اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔