لکھنؤ ۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیر مسٹر اعظم خان نے آج خود اپنی حکومت کو پریشان کن صورتحال سے دوچار کرتے ہوئے ریاستی پولیس پر مسلمانوں کو دہشت زدہ کرنے اور یکطرفہ کارروائی کا الزام عائدکیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کیلئے یہ انتہائی تشویشناک پہلو ہیکہ عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کی تیاری کرنے والوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ ماحول کو بگاڑنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ پولیس ان کے خلاف جو قربانی کرنا چاہتے ہیں، یکطرفہ کارروائی اور دہشت زدہ کررہی ہے۔ انہوں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس جگموہن یادو کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پولیس کے رویہ پر تنقید کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ قربانی کیلئے خریدے گئے دنبے چھین کر بقر عید ختم ہونے کے بعد واپس کرنا کہاں کا انصاف ہے۔
عصمت ریزی کی تشہیر نہ کرنے کا مشورہ
ممبئی ۔ 23 ستمبر (سیاست ڈا ٹ کام) مہاراشٹرا کے وزیردیہی ترقیات پنکج منڈے نے یہ رائے دی ہیکہ خواتین کے خلاف جرائم بالخصوص عصمت ریزی کے واقعات کی میڈیا زیادہ تشہیر نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ بسااوقات اس طرح کی خبریں مجرمانہ ذہن رکھنے والوں کو جرائم پر ابھار رہی ہیں۔ انہوں نے حالیہ واقعہ کا ذکر کیا جہاں ایک باپ نے اپنی ہی بیٹی کی عصمت ریزی کی تھی۔