پولیس سے حد سے زیادہ کام لینا مناسب نہیں

ممبئی میں دو پولیس عہدیداروں کی موت پر شیوسیناکا ردعمل
ممبئی۔ 4 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی میں ایک پولیس انسپکٹر کی ایک جونیئر آفیسر کے ہاتھوں قتل کے واقعہ پر چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس کی کھینچائی کرتے ہوئے شیوسینا نے آج کہا کہ ممکنہ ہے کہ وہ حد سے زیادہ کام کرنے والے وزیر داخلہ کا ادعا کرسکتے ہیں لیکن مقررہ وقت سے زیادہ خدمات انجام دینے سے پولیس ملازمین ذہنی تناؤ کا شکار ہورہے ہیں۔ شیوسینا کے ترجمان سامنا میں کہا کہ مہاراشٹرا میں کسانوں کی طرح پولیس ملازمین کی خودکشی کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ محکمہ داخلہ ان واقعات کو بھی دیگر خودکشی یا قتل کیسوں کی طرح تصور کرتے ہوئے فائل بند کردے گا ۔اگر امن و قانون کو برقرار رکھنے والوں کا ذہنی توازن بگڑ جائے تو مستقبل قریب میں تشدد کے تباہ کن واقعات رونما ہوں گے اور سماج میں لاقانونیت پھیل جائے گی۔ شیوسینا نے بتایا کہ حال ہی میں چیف منسٹر فڈنویس نے کہا تھا کہ وہ جزوقتی (پارٹ ٹائم) وزیر داخلہ نہیں ہے بلکہ حد سے زیادہ کام کرنے والے (اوور ٹائم ) وزیر داخلہ ہیں۔