وشاکھا پٹنم ۔ 18 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : سی پی ایم نے پولیس تحویل میں 5 زیر دریافت قیدیوں کی ہلاکت کی مذمت کی ہے ۔ جن کا ضلع ورنگل میں 7 اپریل کو انکاونٹر کردیا گیا تھا ۔ وشاکھا پٹنم میں جاریہ سی پی ایم کی قومی کانفرنس میں کل شب ایک قرار داد منظور کی گئی جس میں یہ مطالبہ کیا گیا کہ ہلاکتوں کی عدالتی تحقیقات اور قصور وار پولیس عہدیداروں کی گرفتاری کے علاوہ مہلوکین کے افراد خاندان کو معاوضہ ادا کیا جائے ۔ بتایا جاتا ہے کہ وقار الدین عرف وقار اور دیگر 4 ساتھیوں کو جن پر دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا شبہ ہے ۔ پولیس نے اس وقت گولی مار کر ہلاک کردیا جب وہ پولیس کی گاڑی میں سے فرار ہونے کی کوشش میں تھے ۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ سی پی ایم کے 21 ویں کانفرنس 5 مسلم زیر دریافت قیدیوں کی پولیس تحویل میں سفاکانہ قتل کی مذمت کرتی ہے ۔ جب کہ انہیں ورنگل جیل سے حیدرآباد کی ایک عدالت میں پیش کرنے کے لیے لایا جارہا تھا اور اس واقعہ کی تحقیقات کے لیے حکومت تلنگانہ کی جانب سے اسپیشل انوسٹیگیشن ٹیم کی تشکیل عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش اور ہلاکتوں کے ذمہ دار پولیس کو تحفظ فراہم کرنا ہے ۔۔