حیدرآباد 17 فروری (سیاست نیوز) احاطہ رنگاریڈی کورٹ سے پولیس تحویل سے فرار ہوئے خطرناک عادی رہزن محمد عقیل الدین عرف خلیفہ کو ٹاسک فورس پولیس نے آج حراست میں لے لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ 2 فروری کو پولیس تحویل سے فرار ہونے کے بعد خلیفہ روپوش ہوگیا تھا اور اِس کی تلاش کیلئے حیدرآباد و سائبرآباد پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سید حسین عرف لمبو کی رہزنوں کی ٹولی کا رکن عقیل رہزنی کی 150 وارداتوں میں ملوث ہے اور اُسے چنچل گوڑہ جیل میں رکھا گیا تھا۔ عدالت نے پی ٹی وارنٹ پر ایل بی نگر پولیس کے دو کانسٹبلس نے اُسے حراست میں لیا تھا اور عدالت میں پیش کرکے جیل واپس لوٹ رہے تھے کہ وہ دوپہر کا کھانا کھانے کے بہانے ہوٹل سے فرار ہوگیا تھا۔ چیتنیہ پوری پولیس نے مقدمہ درج کرکے اُسکی تلاش شروع کردی تھی لیکن ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم کی کارروائی میں اُسے آج رات گرفتار کرلیا گیا ہے۔