حیدرآباد ۔ 16 ستمبر ( سیاست نیوز ) حیدرآبادڈومین ڈیموکرٹیک الائنس کی جانب سے پولیس ایکشن کی حقیقت کے عنوان پر ایک گول میز کانفرنس چہارشنبہ17ستمبرکو صبح دس بجے نیو پریس کلب سوماجی گوڑہ میں منعقد کیا جارہا ہے۔ جس میں نہ صرف تلنگانہ بلکہ مرہٹواڑہ‘ کرناٹک سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماء‘ سماجی جہدکار اور سیاسی قائدین کی شرکت متوقع ہے۔ کوکنونیر 1969تلنگانہ مومنٹ فاونڈرس فورم ڈاکٹر کے چرنجیوی نے اس گول میز کانفرنس میں شرکت کرنے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ تاریخ کو توڑمروڑ کر پیش کرنا بی جے پی او رتلگودیشم قائدین کی قدیم عادت ہے۔ انہوں نے ریڈی اور ریونت ریڈی سے استفسار کرتے ہوئے کہاکہ کیا مذکورہ دونوں قائدین ریاست حیدرآباد کی حقیقی تاریخ سے واقف ہیں اگر ہیں تو کس بنیاد پر مذکورہ دونوں قائدین 17ستمبر کو لبیریشن ڈے سرکاری طور پر منانے کا حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ سے ناواقف لوگوں کی سرگرم سیاست میں موجودگی ریاست کے حالات میں بگارڈ کی وجہہ بن سکتے ہیں۔ انہو ں نے فوج کے ہاتھوں ہزاروں کمیونسٹوں کے قتل عام کے باوجود بی جے پی اور تلگودیشم کی زبان بولنے کا سی پی ائی او رسی پی آئی ایم پر الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہاکہ سی پی آئی اور سی پی آئی ایم پولیس ایکشن کے موضوع پر بی جے پی اور تلگودیشم کے ساتھ ہوگئے ہیں جو قابلِ افسوس اقدام ہے۔