پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ تبادلہ

بشمول کانسٹیبل دو افراد ہلاک ، شاہ میر پیٹ میں سنسنی
حیدرآباد یکم / اگست ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ شاہ میر پیٹ میں آج رات دیر گئے ڈاکوؤں کی ایک ٹولی اور پولیس کے درمیان فائرنگ میں دو افراد بشمول ایک کانسٹیبل ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ نقلی نوٹوں کی اسٹولی کے خلاف کارروائی کیلئے پولیس پہونچی تھی کہ دونوں میں فائرنگ کا تبادلہ پیش آیا ۔ مرنے والے کانسٹیبل کی شناخت ایشور کی حیثیت سے کرلی گئی ہے ۔ جبکہ اس واقعہ میں ایک سب انسپکٹر وینکٹ ریڈی بھی شدید زخمی ہوگیا ۔ ذرائع کے مطابق بالانگر کی زونل ٹاسک فورس ٹیم کے 10 افراد اس ٹولی کے تعاقب میں تھے جنہیں اطلاع ملی تھی کہ شاہ میر پیٹ حدود میں ایک ہوٹل کے قریب نقلی نوٹوں کی یہ ٹولی موجود ہے ۔ اس سلسلہ میں ڈی ایس پی بالانگر مسٹر اے آر سرینواس نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی ٹولی میں 5 افراد تھے اور پولیس کی 10 رکنی ٹیم تھی ۔ زخمی پولیس والوں کو قریبی ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے اور سائبرآباد پولیس نے اس واقعہ کے بعد سائبرآباد کی ناکہ بندی کردی اور ڈاکوؤں کی تلاش میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔