پولیس اور سیول نظم و نسق کے عہدیداروں کی کے سی آر کو مبارکباد

تلنگانہ کے متوقع چیف منسٹر صدر ٹی آر ایس کی سیکوریٹی میں اضافہ ، حفاظتی گارڈس تعینات

حیدرآباد۔/16مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی تشکیل حکومت کو یقینی دیکھتے ہوئے پولیس اور سیول نظم و نسق سے وابستہ عہدیداروں نے کے سی آر کی قیامگاہ کے چکر کاٹنا شروع کردیا ہے۔ تشکیل حکومت کیلئے ٹی آر ایس کو واضح اکثریت کو دیکھتے ہوئے کئی آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں نے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ چندر شیکھر راؤ جو تلنگانہ کے متوقع چیف منسٹر ہیں‘ پولیس نے ان کی سیکوریٹی میں اضافہ کردیا ہے اور انہیں چیف منسٹر کی طرح سیکوریٹی فراہم کردی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی انٹلیجنس کے سربراہ نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ کے سی آر سے ملاقات کی اور پارٹی کو اکثریت حاصل ہونے کے باعث تشکیل حکومت کے مسئلہ پر بات چیت کی۔ پولیس عہدیدار یہ جاننا چاہتے تھے کہ کے سی آر کس وقت حلف لینا چاہتے ہیں اور وہ آیا موجودہ سیکوریٹی میں تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے کے سی آر کی سیکوریٹی میں اضافہ کا فیصلہ کیا اور ان کے اطراف حفاظتی گارڈز کو تعینات کردیا گیا ہے۔ پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت کے قیام کے بعد اہم عہدوں کو حاصل کرنے کیلئے کئی عہدیدار کے سی آر سے ملاقات یا پھر فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے مبارکباد پیش کررہے ہیں۔ کے سی آر کی سیکوریٹی میں اضافہ کے باعث سینئر قائدین کو بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ سیکوریٹی حکام نے کئی سینئر قائدین کو کے سی آر کے قریب پہنچنے سے روک دیا۔ پریس کانفرنس کے موقع پر جب صحافیوں نے کے سی آر سے ملاقات کی کوشش کی تاکہ انہیں مبارکباد پیش کی جاسکے تو سیکوریٹی عملے نے منع کردیا اور اپنے گھیرے میں کے سی آر کو ہال سے باہر لے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ چندر شیکھر راؤ نے اپنے قریبی ساتھیوں سے امکانی کابینہ اور سیول اور پولیس کے اعلیٰ عہدوں پر تقررات کے سلسلہ میں مشاورت کی ہے۔