پولیس اصلاحی رول میں کامیاب

والدین خوش ہیں کہ اولاد ان کے ساتھ وقت گذار رہی ہے
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : رمضان المبارک کے دوران گھر میں بچوں کو دیکھ کر بے حد خوشی محسوس ہوتی ہے ۔ ہم یہ نہیں سونچتے تھے کہ ہمارے بچے سحر سے قبل بھی گھر میں وقت گذاریں گے ۔ اور ہمارے چین و سکون کا باعث بنیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار پرانے شہر کے ان شہریوں نے کیا جنہیں حالیہ دنوں پولیس نے کونسلنگ کے لیے طلب کیا تھا ۔ اپنا نام و شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ان دونوں شہریوں نے جو پڑوس بھی ہیں ۔ پولیس کی ستائش کی اور کہا کہ انہیں کافی تکلیف ہوئی جب انہیں کونسلنگ کے لیے پولیس نے طلب کیا تھا ۔ تاہم اب اپنی کافی خوشی و مسرت محسوس ہورہی ہے ۔ بچوں کی گھر جلدی آمد سے خوش والدین بھی ہیں اور اب گھر پر توجہ مرکوز کرنے اور وقت گذارنے لگے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ آپریشن چبوترہ جو پرانے شہر میں آغاز کیا تھا ۔ پولیس کی اس اصلاحی مہم کے بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں ایک دانشور کے مطابق اگر کسی بھی کام کو سچی لگن اور اچھی نیت سے کیا جائے تو اس کے بہترین نتائج برآمد ہوتے ہیں اور پرانے شہر کی پولیس کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا ۔ اپنی امیج کو بہتر بنانے کی دوڑ میں پولیس نے عوام کے دلوں میں جگہ بنالی اور ڈپٹی کمشنر پولیس ساوتھ زون کی ان دنوں پرانے شہر میں ستائش کی جارہی ہے ۔ سماج سدھار اور اصلاح کی غرص سے پولیس نے پرانے شہر میں اس چبوترہ مہم کا آغاز کیا ۔ رات دیر گئے چبوتروں ، چوراہوں اور گلی کوچوں میں وقت گذاری کرنے والے نوجوان اور منچلے نوجوانوں کے خلاف کارروائی کی ۔ پولیس نے صرف انہیں حراست میں لیا اور ان کے والدین کو طلب کرتے ہوئے ان کی کونسلنگ کے بعد چھوڑ دیا گیا ۔ کونسلنگ کے بعد اس عمل کو دیکھتے ہوئے کئی لڑکے خود راتوں میں چبوتروں سے دستبردار ہوگئے ۔ انہیں والدین کی رسوائی برداشت نہیں ہوئی اور کئی پولیس کی کارروائی کے خوف سے رات گھر جلد واپس ہونے لگے ۔ اس دوران سماج میں ایک عجیب تبدیلی واقع ہورہی ہے اور اب رمضان المبارک میں اس کے بہترین نتائج منظر عام پر آرہے ہیں ۔ والدین کے علاوہ سماج کے ہر باشعور شہری کی جانب سے پولیس کی ستائش کی جاری ہے تو وہیں دوسری طرف پولیس بھی اس مہم کو انجام دینے کے بعد کافی خوش دیکھائی دیتی ہے ۔ اس خصوص میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس مسٹر بابو راؤ نے بتایا کہ پولیس نوجوان نسل کو بچانا چاہتی ہے اور موجودہ ڈی سی پی ساوتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے اس مہم پر کافی دلچسپی دکھائی اور مہم کا آغاز کردیا گیا ۔ نوجوان نسل کی اصلاح و تربیت کی خاطر اس مہم کا آغاز کیا گیا تاکہ نوجوانوں میں پائی جانے والی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے روشن مستقبل میں ان کی مدد کی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نوجوانوں کے والدین کی مسرت کو دیکھ کر خوش ہورہی ہے اور پولیس کو اپنی اس مہم سے کافی اطمینان حاصل ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں رمضان المبارک کے بعد مزید آپریشن کیے جائیں گے ۔ پرانے شہر کی طرز پر ویسٹ زون پولیس نے بھی ٹپہ چبوترہ اور گولکنڈہ کے حدود میں چبوترہ مہم کو شروع کیا تھا ۔ امکان ہے کہ ماہ صیام کے بعد دوبارہ چبوترہ مہم جاری رہے گی ۔۔