پولیس اسٹیشنوں میں استقبالیہ کاؤنٹرس، شکایت کی وصولی پر رسید کی اجرائی

حیدرآباد 10 سپٹمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس کمشنریٹ کے حدود میں موجود کسی پولیس اسٹیشن پر اب کوئی عہدیدار شکایت وصول کرنے سے انکار نہیں کرپائے گا۔ پولیس اسٹیشن پر قائم کئے گئے استقبالیہ کاؤنٹر کو اِس بات کا پابند بنایا جاچکا ہے کہ وہ کسی بھی طرح کی شکایت وصول کرتے ہوئے اُس کی رسید بروقت جاری کردے۔ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے ملک بھر میں ای گورننس پراجکٹ کے طور پر روشناس کروائے گئے کرائم اینڈ کریمنل ٹرائکنگ اینڈ نیٹ ورک سسٹم (سی سی ٹی این ایس) کے ذریعہ بہتر حکمرانی کو یقینی بنانے کے علاوہ پولیس کو عوام دوست بنانے کے اقدامات کا حیدرآباد کمشنریٹ کے حدود میں آغاز کیا جاچکا ہے۔ سی سی ٹی این ایس پر حیدرآباد میں عمل آوری تمام 62 پولیس اسٹیشنوں میں شروع کردی گئی ہے۔ ابتداء میں پولیس اسٹیشن دبیرپورہ میں تجرباتی اساس پر اِس کا آغاز کیا گیا تھا

لیکن اب شہر کے کسی بھی پولیس اسٹیشن میں شکایت کنندہ کو بروقت رسید کی اجرائی کردی جائے گی۔ اِس طرح کے عمل سے نہ صرف محکمہ پولیس کی شفافیت میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام میں پولیس پر اعتماد بھی بڑھے گا۔ ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بموجب پولیس اسٹیشن میں شکایت پر جو رسید جاری کی جائے گی اُس پر ایک منفرد نمبر موجود ہوگا اور بہت جلد حیدرآباد سٹی پولیس کی ویب سائیٹ سے اِسے مربوط کرنے کے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں تاکہ شکایت کے موقف اور اُس پر ہوئی کارروائیوں کے متعلق شکایت کنندہ کو آن لائن تفصیلات دستیاب رہیں۔ عموماً اِس بات کی شکایت ہوا کرتی تھی کہ پولیس اسٹیشن میں بعض واقعات جیسے پاسپورٹ کی گمشدگی، کسی فرد کی گمشدگی کے علاوہ سیل فون وغیرہ کی گمشدگی کی رپورٹ درج نہیں کی جاتی تھی۔ پہلے معاملہ کو رفع دفع کرنے کی کوشش ہوا کرتی تھی لیکن سی سی ٹی این ایس کے روشناس کروائے جانے کے بعد پولیس عہدیدار اب ایسا نہیں کرپائیں گے بلکہ اُنھیں ہر شکایت کو وصول کرتے ہوئے رسید جاری کرنی ہوگی۔ اعلیٰ عہدیداروں کا ماننا ہے کہ اِس اقدام سے نہ صرف عوام میں پولیس پر اعتماد بڑھے گا بلکہ پولیس اسٹیشن کی سطح پر موجود اہلکاروں و عہدیداروں کی کارکردگی پر پولیس کے اعلیٰ عہدیدار نگاہ رکھ پائیں گے۔ اِس نظام سے پولیس عہدیداروں میں بھی جوابدہی کا احساس پیدا ہوگا۔