پولنگ کیلئے پرانے شہر میں فوجی دستے متعین کرنے سٹیزنس پولیٹکل فرنٹ کا مطالبہ

حیدرآباد 6 نومبر ( پریس نوٹ ) سٹیزنس پولیٹیکل فرنٹ نے چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ مسٹر رجت کمار سے نمائندگی کی ہے کہ اسمبلی انتخابات کے دوران حیدرآباد کے پرانے شہر میں فوجی دستوں کو متعین کیا جائے تاکہ وہاں پولنگ بوتھس پر قبضہ اور رائے دہندوں کو ڈرانے دھمکانے کے واقعات پر قابو کیا جائے ۔ سٹیزنس پولیٹیکل فرنٹ کی کنوینر جیہ وندھیالیہ نے رجت کمار کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پرانے شہر کے اسمبلی حلقہ جات چندرائن گٹہ ‘ چارمینار ‘ بہادر پورہ ‘ ملک پیٹ ‘ نامپلی ‘ کاروان اور یاقوت پورہ میں حقیقی رائے دہندوں کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک کیا جاتا ہے ۔ ان علاقوں کے شہریوں میں رائے دہندوں میں خوف وہرا س کا ماحول پیدا کیا جاتا ہے ۔ خوف کے ذریعہ انہیں پولنگ سے دور رہنے میں ہی عافیت محسوس ہوتی ہے ۔ مقامی قائدین غنڈہ عناصر کو استعمال کرتے ہوئے پولنگ بوتھس کا کنٹرول حاصل کرتے ہیں اور وہ رائے دہندوں کے ووٹ خود استعمال کرلیتے ہیں۔ ایسا ایک طویل عرصہ سے چل رہا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان علاقوں کے عوام کو حقیقی معنوں میں آزادی ہی نہیں ملی ہے ۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا کہ 2014 کے انتخابات میں بھی ان عناصر نے کئی بوتھس پر کنٹرول حاصل کرلیا تھا اور حقیقی رائے دہندوں کو مارپیٹ کرکے زخمی بھی کیا گیا تھا ۔ اس کی میڈیا میں بھی رپورٹس آئی تھیں۔ پولیس عہدیدار اور دوسری سرکاری مشنری جب کبھی انتخابات ہوتے ہیں خوف کا شکار ہوجاتی ہے ۔ پولنگ عہدیدار بھی ایسے واقعات کی پولیس سے شکایت نہیں کرتے ۔ ایسے میں حقیقی رائے دہندوں کو ووٹ کا حق دینے اور انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے ان علاقوں میں پولنگ بوتھس کی ذمہ داری فوجی دستوں کو دی جانی چاہئے ۔