حیدرآباد۔ 15 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ پولاورم پراجیکٹ کو 2018ء تک مکمل کرنے کیلئے ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے مسائل کے باوجود آندھراپردیش نے دو ہندسی ترقی کا نشانہ عبور کیا ہے۔ آر بی آئی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 954 بلین ڈالرس کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے جس میں 15.8% سرمایہ کاری صرف آندھرا پردیش میں کی گئی۔ ریاستی حکومت آبی پراجیکٹ نیٹ ورک کے تحت کرشنا ، گوداوری ، پینا ، ومسادھارا اور ناگاولی ندیوں کو باہم مربوط کرنے کے اقدامات کرے گی۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ریاست کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔