پولاورم پراجیکٹ : مرکز کے رویہ پر چندرا بابو برہم

امراوتی۔ 30 نومبر (پی ٹی آئی) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو مرکز سے کافی ناراض ہیں کیونکہ اس نے پولاورم پراجیکٹ سے متعلق کاموں کیلئے نئے کنٹراکٹر کو منتخب کرنے کے سلسلے میں ٹنڈرس روک دینے کا حکم دیا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ وہ صرف اس لئے خاموش ہیں کیونکہ بی جے پی اس وقت تلگو دیشم کی حلیف ہے۔ مرکز میں تلگو دیشم پارٹی، این ڈی اے کا حصہ ہے جبکہ آندھرا پردیش میں بی جے پی ، چندرا بابو نائیڈو مخلوط حکومت میں شامل ہیں۔ چیف منسٹر کا یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب مرکزی سیکریٹری آبی وسائل نے آندھرا پردیش کے چیف سیکریٹری کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے اُن سے کہا کہ پولاورم پراجیکٹ کے بعض کاموں کیلئے نیا کنٹراکٹر منتخب کرنے چندرا بابو حکومت کے طلب کردہ ٹنڈرس کو فوری روک دیا جائے۔ چندرا بابو نے کہا کہ اگر مرکز کا یہی موقف رہا تو میں دونوں ہاتھ جوڑ کر یہ پراجیکٹ ان کے سپرد کردوں گا۔