حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ پولیٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈا رام نے پولاورم پراجکٹ کے ڈیزائن کی تبدیلی کو ناگزیر قراردیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں برسر اقتدار آنے والی حکومت کو جے اے سی پراجکٹ کے ڈیزائن میں تبدیلی کیلئے مجبور کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پولاورم پراجکٹ کی موجودہ ڈیزائن کے ذریعہ تعمیر کے سبب تلنگانہ کے ساتھ ساتھ آندھرا کو بھی نقصان ہوگا۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ پولاورم پراجکٹ کے مسئلہ پر اپنے موقف کا اظہار کریں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اہم پارٹیوں نے اپنے انتخابی منشور میں پولاورم پراجکٹ کا تذکرہ نہیں کیا ہے۔
انہوں نے ریاست کی تقسیم کے ساتھ ساتھ کھمم کے سات منڈلوں کو سیما آندھرا میں ضم کرنے کی شدت سے مخالفت کی۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ میں پیش کردہ بل میں اس کا کوئی تذکرہ نہیں۔ سیما آندھرا قائدین کے دباؤ پر مرکز نے آرڈیننس کے ذریعہ یہ احکامات جاری کئے ۔ کودنڈا رام نے کہا کہ جے اے سی نے تلنگانہ عوام کے مسائل پر مبنی ایک منشور تیار کیا ہے جسے تمام سیاسی جماعتوں کے حوالے کیا گیا۔ سیاسی جماعتوں سے اس منشور پر عمل آوری کامطالبہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ انتخابات میں ان امیدواروں کی تائید کی جائے گی جنہوں نے تلنگانہ تحریک میں حصہ لیا ۔