ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ کی مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 7 ۔جولائی (سیاست نیوز) پولاورم پراجکٹ کے مسئلہ پر ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ نے آج مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے نئی دہلی میں ملاقات کی۔ ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ نے کھمم کے 7 منڈلوں میں بسنے والی قبائلی عوام کی بھلائی کیلئے پولاورم پراجکٹ کے ڈیزائن میں تبدیلی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ان منڈلوں کے آندھراپردیش میں انضمام کی بھی مخالفت کی ۔ ارکان پارلیمنٹ جتیندر ریڈی ، ونود کمار ، سیتا رام نائک اور دوسروں نے راج ناتھ سنگھ کو پولاورم پراجکٹ کی تعمیر کی صورت میں قبائلی عوام کو ہونے والے نقصانات سے واقف کرایا ۔ انہوں نے 7 منڈلوں کے انضمام سے متعلق آرڈیننس سے دستبرداری کی مانگ کی ۔ ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ موجودہ ڈیزائین کے ساتھ پولاورم پراجکٹ کی تعمیرکی اجازت نہ دی جائے کیونکہ اس پراجکٹ سے متاثر ہونے پر قبائلی افراد اپنے مستقبل کو لیکر فکرمند ہیں۔ وہ تلنگانہ میں برقرار رہنا چاہتے ہیں لیکن پراجکٹ کی تعمیر کیلئے انہیں جبراً آندھراپردیش میں ضم کیا جارہا ہے۔ ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی نے بتایا کہ قائدین کا ایک وفد بہت جلد صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کرے گا اور پولاورم بل کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری نہ دینے کی درخواست کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بل کی منظوری سے تلنگانہ کو شدید ناانصافی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے مسئلہ پر گورنر کو زائد اختیارات کے سلسلہ میں مرکزی وزیر داخلہ سے نمائندگی کی گئی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مرکزی حکومت پولاورم اور گورنر کو زائد اختیارات کے سلسلہ میں اپنے موقف سے دستبرداری اختیار کرلے گی۔