سیما آندھرا کو پانی سربراہ کرنے کا منصوبہ ، پروفیسر کودنڈا رام کا خطاب
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : پولاورم پراجکٹ کی منسوخی کے بجائے پراجکٹ کے خدوخال میں تبدیلی کے لیے جدوجہد کی تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی چیرمین پروفیسر کودنڈا رام نے عوام سے اپیل کی ۔ تلنگانہ حامی مختلف رضاکارانہ تنظیموں کے زیر اہتمام منعقدہ گول میز کانفرنس سے اپنے خطاب کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولاورم پراجکٹ کے ذریعہ اگر سیما آندھرا علاقوں کو پانی لے جانے کا منصوبہ ہے تو اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا بشرطیکہ علاقہ تلنگانہ اور یہاں کی عوام کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچایا جائے ۔ انقلابی مصنف ورا ورا راؤ نے گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر کودنڈا رام کے بیان کے عین خلاف اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولاورم پراجکٹ کی منسوخی لازمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولاورم پراجکٹ قبائلی طبقات کی تباہی کا ذریعہ بن رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانچ لاکھ سے زائد قبائلی لوگوں کی زندگیاں پولاورم پراجکٹ کے سبب خطرہ میں ہیں ۔ ان حالات میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے قبائیلی طبقات کے ساتھ نا انصافی تلنگانہ عوام کے لیے ناقابل برداشت اقدام ہوگا ۔ نائب صدر و اسٹیٹ کوآرڈینٹر تلنگانہ پرجا فرنٹ مسٹر ایم ویدا کمار ، سوریہ پلی سجاتا کے علاوہ دیگر نے بھی اس گول میز کانفرنس سے خطاب کیا ۔۔