پولاورم آرڈیننس کے خلاف صدر جمہوریہ سے نمائندگی کا فیصلہ: کویتا

حیدرآباد۔ 8؍جولائی (این ایس ایس)۔ نظام آباد کی ٹی آر ایس رکن لوک سبھا کے کویتا نے آج مرکز سے مطالبہ کیا کہ پولاورم آرڈیننس بِل پر پارلیمنٹ میں تفصیلی بحث کی جائے۔ پارلیمنٹ ہاؤز کے احاطہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ نے اس مسئلہ پر تحریک دی ہے۔ حکمران جماعت اس مسئلہ پر ٹی آر ایس اور تلنگانہ کی دیگر جماعتوں کی رائے سے واقفیت حاصل کرنے کے بعد مزید کارروائی کرسکتے ہیں۔ کویتا نے کہا کہ منگل کی شام ہم صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کریں گے اور پولاورم کے سات منڈلوں کے ساتھ اِنصاف کی درخواست کی جائے گی۔ بعد ازاں مستقبل کے لائحہ عمل کو قطعیت دی جائے گی۔