پولاورم آرڈیننس پر لوک سبھا میں ٹی آر ایس کا احتجاج

نئی دہلی 9 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) پولاورم پراجیکٹ پر آرڈیننس کے نتیجہ میں 16 ویں لوک سبھا میں پہلا احتجاج شروع کیا گیا ۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ارکان نے اس اقدام کے خلاف یہ احتجاج کیا ۔ بی جے پی کے ارکان نے بی مہتاب کی قیادت میں احتجاج کیا جب منسٹر آف اسٹیٹ پارلیمانی امور سنتوش گنگوار نے تنظیم جدید آندھرا پردیش آرڈیننس بل ایوان میں پیش کیا ۔ بیجو جنتادل اور ٹی آر ایس کے ارکان نے پلے کارڈز تھام کر ایوان میں احتجاج کیا اور اس پراجیکٹ کی مخالفت کی ۔ ان ارکان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے نتیجہ میں قبائلی عوام کے مفادات متاثر ہوں گے ۔ اسپیکر سمترا مہاجن نے انہیں اپنی نشستوں پر بیٹھنے کی بار بار ترغیب دی لیکن وہ اس کیلئے تیار نہیں ہوئے ۔ ٹی آر ایس ارکان اپنے احتجاج کو جاری رکھے ہوئے تھے جبکہ اسپیکر نے ان سے کہا کہ جب اس آرڈیننس کے بدلے میں کوئی بل پیش کیا جائیگا اس وقت احتجاج کیا جائے تاہم وہ اس کیلئے تیار نہیں تھے ۔ بی جے ڈی لیڈر بی مہتاب نے پوائنٹ آف آرڈر اٹھانے کی کوشش کی لیکن شوروغل کے سبب کچھ سنائی نہیں دیا گیا ۔